اسحاق ڈار کی جنوبی کوریا کے نائب وزیر خارجہ سے ملاقات، تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد( ترکیہ خبر)انقرہ میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے جنوبی کوریا کے نائب وزیر خارجہ سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعاون اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات انطالیہ فورم کے موقع پر ہوئی، جہاں جمہوریہ کوریا کے نائب وزیر برائے حکمت عملی و انٹیلی جنس یوونگ یونڈو بھی شریک تھے۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور اور خطے میں حالیہ پیشرفت پر گفتگو کی، جبکہ جنوبی کوریا کے نائب وزیر نے عالمی اور علاقائی سطح پر امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم بنانے اور اہم علاقائی معاملات پر ہم آہنگی بڑھانے پر بھی زور دیا گیا۔یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب عالمی سطح پر سفارتی روابط اور علاقائی استحکام کے لیے سرگرمیاں تیز ہو رہی ہیں۔