ترکیہ خبر

پاکستانی و ایرانی ملاحوں کی واپسی کیلئے اسحاق ڈار متحرک، سنگاپور اور ایران سے رابطے

پاکستانی و ایرانی ملاحوں کی واپسی کیلئے اسحاق ڈار متحرک، سنگاپور اور ایران سے رابطے

اسلام آباد( ترکیہ خبر) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے امریکی تحویل میں موجود جہازوں پر سوار پاکستانی اور ایرانی ملاحوں کی محفوظ واپسی کیلئے سفارتی کوششیں تیز کر دیں۔اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں بتایا کہ انہوں نے سنگاپور کے وزیر خارجہ ویوین بالا کرشنن سے رابطہ کر کے 11 پاکستانی اور 20 ایرانی ملاحوں کی وطن واپسی میں تعاون کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی تحویل میں لیے گئے جہاز اس وقت سنگاپور کے قریب سمندری حدود میں موجود ہیں۔نائب وزیراعظم کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی اس معاملے پر مسلسل رابطے میں ہیں، جبکہ ضرورت پڑنے پر پاکستان ایرانی شہریوں کی پاکستانی سرزمین کے ذریعے محفوظ واپسی میں بھی تعاون فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ دفتر خارجہ اور دیگر متعلقہ ادارے امریکی حکام اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ پاکستانی شہریوں کی سلامتی اور جلد وطن واپسی یقینی بنائی جا سکے۔دفتر خارجہ کے مطابق سنگاپور کے وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام اور ایران امریکا مذاکرات میں سہولت کاری کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ دونوں ممالک کے درمیان بحری سلامتی اور بین الاقوامی سمندری حدود میں پیش آنے والے حالیہ واقعات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیتے ہوئے اعلیٰ سطح کے روابط جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔یاد رہے کہ حالیہ دنوں پاکستان نے امریکی تحویل میں لیے گئے ایران سے منسلک ایک جہاز کے عملے کی وطن واپسی میں بھی سہولت فراہم کی تھی، جبکہ اطلاعات کے مطابق کم از کم 15 ایرانی ملاح رواں ہفتے ایران پہنچ چکے ہیں۔دفتر خارجہ نے اس پیشرفت کو اعتماد سازی کی جاری کوششوں کا حصہ قرار دیا ہے۔واضح رہے کہ ایران شپنگ لائن سے منسلک ایک جہاز کو 19 اپریل کو خلیج عمان میں چابہار بندرگاہ کے قریب امریکی افواج نے روک لیا تھا۔ امریکی حکام کے مطابق جہاز نے بار بار دی گئی وارننگز پر عمل نہیں کیا تھا اور اس پر امریکی بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا تھا۔