تل ابیب( مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے اسرائیل کو تازہ میزائل حملوں کا نشانہ بنایا، جس سے اسرائیل کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں متعدد مقامات پر تباہی ہوئی۔ اسرائیلی اور امریکی دفاعی نظام ایرانی میزائلوں کو روکنے میں ناکام رہے۔رپورٹس کے مطابق مختلف مقامات پر دھماکوں اور ملبے گرنے سے نقصان ہوا، اور کلسٹر بموں کے استعمال سے مزید تباہی ہوئی۔ ایرانی حملوں میں اب تک 10 افراد ہلاک اور 180 زخمی ہو چکے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں تل ابیب، ایلات، بیرالسبع، ڈیمونا اور عراد شامل ہیں، جہاں درجنوں عمارتیں ملیا میٹ ہو گئی ہیں اور خوف و ہراس پھیل گیا۔ایرانی حملوں میں اسرائیل کا ایٹمی مرکز ڈیمونا بھی نشانے پر رہا، تاہم عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی نے کہا ہے کہ تابکاری کے شواہد نہیں ملے۔امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ کارروائی میں ایران کے جنوبی بندرگاہی شہر بندر عباس میں پرشین گلف سنٹرل براڈکاسٹنگ کمپنی کا ٹرانسمیٹر نشانہ بنایا گیا، جس میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوا، لیکن نشریات جاری ہیں۔ زخمی ہونے والا ایک اور شخص بھی دم توڑ گیا۔اسرائیلی فوج نے ایران میں ہتھیاروں کی تیاری اور ذخیرہ کرنے والے فوجی مقامات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا، جبکہ ایران کے دارالحکومت تہران میں بھی فضائی دفاعی نظام کو فعال کر دیا گیا۔عراق میں مسلح گروہ اصحاب الکہف نے شمالی اربیل میں اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے دفتر کو ڈرون حملے میں نشانہ بنایا، جبکہ جنوبی لبنان کے قصبے ناقورہ میں اسرائیلی فوج اور حزب اللہ کے درمیان شدید گولہ باری اور زمینی جھڑپیں بھی ہو رہی ہیں، جس سے سرحدی علاقے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔
ایرانی حملے میں اسرائیل میں بڑے پیمانے پر تباہی، 10 ہلاک اور 180 زخمی
2 ہفتے قبل