آبنائے ہرمز میں کشیدگی پر ایران کا انتباہ، امریکی اقدامات کو خطے کیلئے خطرہ قرار دے دیا
تہران( مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے آبنائے ہرمز میں امریکا کی مبینہ اشتعال انگیزیوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایسے اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن سکتے ہیں۔ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ بات انہوں نے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ ٹیلیفونک رابطے کے دوران کہی، جس میں خلیجی خطے اور اہم بحری گزرگاہوں کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ حساس آبی راستوں میں امریکا کی بڑھتی ہوئی سرگرمیاں حالات کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہیں اور یہ براہ راست علاقائی استحکام کو متاثر کر سکتی ہیں۔دوسری جانب چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے ایرانی عوام کی ثابت قدمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور دیرپا امن کے قیام کے لیے سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے میں کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔