ترکیہ خبر

ایران امریکا مذاکرات خطے میں دیرپا امن کی نوید ہیں: وزیراعظم شہباز شریف

ایران امریکا مذاکرات خطے میں دیرپا امن کی نوید ہیں: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد( ترکیہ خبر)پاکستان خطے کے امن، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور فلسطین و کشمیر کے مؤقف پر ثابت قدم رہے گااسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے امید ظاہر کی ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات جلد خطے میں مستقل امن و استحکام کا سبب بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں قیامِ امن کیلئے اپنا مثبت اور مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا۔پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام چھٹی پیغامِ اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حرمین شریفین کا تحفظ پاکستان کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس حوالے سے دفاعی معاہدے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہیں۔انہوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، چین اور ترکیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان ممالک نے ایران اور امریکا کے درمیان امن مذاکرات کی راہ ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل نے دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے کلیدی کردار ادا کیا جبکہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھی اس سلسلے میں بھرپور سفارتی کوششیں کیں۔ وزیراعظم کے مطابق پاکستان کی دعوت پر امریکا اور ایران کی قیادت اسلام آباد آئی اور 1979 کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پہلی بار براہِ راست مذاکرات ہوئے۔وزیراعظم نے کہا کہ امتِ مسلمہ میں انتشار پھیلانے اور دہشت گردی میں ملوث عناصر اسلام کے حقیقی نمائندے نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر اور فلسطین پر اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے اور کشمیریوں و فلسطینیوں کو ان کے حقوق ملنے تک ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔