ایران پر امریکا و اسرائیل کے حملے جاری، جنگ 31ویں روز میں داخل

6 دن قبل
ایران پر امریکا و اسرائیل کے حملے جاری، جنگ 31ویں روز میں داخل

تہران، واشنگٹن، ریاض( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جاری جنگ 31ویں روز میں داخل ہو گئی ہے، جس کے دوران تازہ حملوں اور جوابی کارروائیوں نے خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا دیا ہے۔ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق امریکا اور اسرائیل نے تبریز میں ایک پیٹروکیمیکل پلانٹ کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں پلانٹ کے ایک یونٹ کو نقصان پہنچا۔ ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ کسی قسم کی زہریلی یا آلودگی پھیلانے والی گیس خارج نہیں ہوئی۔حملوں کے اثرات دارالحکومت تہران اور شہر کرج تک بھی محسوس کیے گئے جہاں بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔دوسری جانب ایران کی جانب سے کیے گئے جوابی میزائل حملوں کے باعث اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ) کا اجلاس مؤخر کر دیا گیا، جس سے اسرائیل میں سکیورٹی خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔ایرانی پاسداران انقلاب نے اپنے نیوی کمانڈر علی رضا تنگسری کی شہادت کی تصدیق کی ہے، جو اسرائیلی حملوں میں شدید زخمی ہونے کے بعد دم توڑ گئے۔رپورٹس کے مطابق امریکی و اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ایران میں جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہزار 76 تک پہنچ گئی ہے، جن میں 216 بچے اور 250 طلبہ و اساتذہ بھی شامل ہیں، جبکہ 26 ہزار 500 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ ان حملوں میں طبی، تعلیمی اور انتظامی اداروں سمیت 500 سے زائد تنصیبات بھی تباہ ہو چکی ہیں۔ادھر لبنان میں بھی اسرائیلی فوج کی جانب سے فضائی اور زمینی حملے جاری ہیں، جہاں ہلاکتوں کی تعداد 1100 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ہزاروں افراد زخمی اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔اسرائیلی وزارت صحت کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک ایرانی حملوں میں 6 ہزار سے زائد اسرائیلی زخمی ہو چکے ہیں، جن میں سے 121 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 232 افراد زخمی ہوئے۔ اسرائیل میں ہلاکتوں کی تعداد 20 سے تجاوز کر چکی ہے۔موجودہ صورتحال نے مشرق وسطیٰ کو ایک بڑے انسانی و سکیورٹی بحران کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے، جبکہ عالمی برادری کی جانب سے فوری جنگ بندی کے مطالبات میں بھی شدت آ رہی ہے۔