آبنائے ہرمز پر ایران کا دوٹوک مؤقف، عارضی جنگ بندی مسترد

22 گھنٹے قبل
آبنائے ہرمز پر ایران کا دوٹوک مؤقف، عارضی جنگ بندی مسترد

تہران( مانیٹرنگ ڈیسک)تہران نے واضح کر دیا ہے کہ وہ عارضی جنگ بندی کے بدلے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے تیار نہیں، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔عرب ذرائع کے مطابق ایک سینئر ایرانی عہدیدار نے کہا ہے کہ تہران واشنگٹن کی جانب سے مستقل امن کے لیے سنجیدہ پیش رفت نہیں دیکھ رہا، اسی لیے عارضی اقدامات کے بدلے کوئی بڑا اسٹریٹجک فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایران کسی بھی دباؤ یا ڈیڈ لائن کے تحت فیصلے کرنے پر آمادہ نہیں اور اپنے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گا۔عہدیدار نے اس بات کی تصدیق بھی کی کہ پاکستان کی جانب سے فوری جنگ بندی کی تجویز موصول ہوئی ہے جس کا جائزہ لیا جا رہا ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ تاحال سامنے نہیں آیا۔ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کا نہایت اہم راستہ ہے، اور اس سے متعلق کسی بھی پیش رفت کے اثرات عالمی معیشت اور توانائی کی منڈیوں پر براہ راست مرتب ہو سکتے ہیں۔