مقبوضہ بیت المقدس / کویت / منامہ / دوحہ / ابو ظہبی( مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے ایک بار پھر اسرائیل پر میزائل حملوں کا نیا سلسلہ شروع کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم سات افراد زخمی ہوئے جبکہ متعدد گاڑیاں تباہ اور املاک کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ مقبوضہ بیت المقدس میں میزائل گرنے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق مغربی یروشلم پر ہونے والے حملے میں نو اسرائیلی شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔تل ابیب، یروشلم اور مغربی کنارے کے دیگر علاقوں میں بھی میزائل حملے کیے گئے، جس کے بعد سائرن بج اٹھے اور شہریوں کو بنکروں میں منتقل کیا گیا۔خلیجی ممالک میں بھی کشیدگی برقرار رہی۔ کویت میں امریکی سفارتخانے کے قریب دھواں اٹھنے کے بعد فائر فائٹرز اور ایمبولینسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ امریکی سفارتخانے نے شہریوں کو خبردار کیا کہ وہ سفارتخانے کے قریب نہ جائیں، گھروں کی نچلی منزل پر رہیں اور کھڑکیوں سے دور رہیں۔ بحرین کے دارالحکومت منامہ، قطر کے دوحہ اور متحدہ عرب امارات کے ابوظہبی میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ دوحہ اور دبئی میں جنگی طیاروں کی پروازوں کی اطلاعات بھی آئیں۔عراق کے خودمختار کرد خطے کے دارالحکومت اربیل میں بھی شدید دھماکوں کی اطلاعات ہیں۔ عراقی فضائی دفاع نے اربیل انٹرنیشنل ائرپورٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والے میزائلوں اور ڈرونز کو ناکام بنایا۔ کویت کی مینا الاحمدی آئل ریفائنری میں ملبہ گرنے سے دو کارکن معمولی زخمی ہوئے۔ بحرین کی وزارت داخلہ نے شہریوں کو محفوظ مقامات پر جانے کی ہدایات جاری کیں اور شیخ خلیفہ بن سلمان پل عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔خطے میں جاری حملوں اور جوابی کارروائیوں کے پیش نظر خلیجی ممالک میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے اور شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایات دی جا رہی ہیں۔دوسری جانب ایران نے امریکی مذاکرات کی تمام خبریں سختی سے مسترد کر دی ہیں۔ ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ایران واشنگٹن سے کوئی بات چیت نہیں کرے گا۔ یہ بیان اس رپورٹ کے بعد سامنے آیا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ خامنہ ای کی ہلاکت کے بعد عمانی ثالثوں کے ذریعے جوہری مذاکرات بحال کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔خطے میں کشیدگی کے درمیان ایران اور اسرائیل کے درمیان عسکری جوابی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ خلیجی ممالک اور عراق میں بھی شدید حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔