تہران( مانیٹرنگ ڈیسک) پاسداران انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت امریکی اور اسرائیلی اہداف کے خلاف میزائل حملوں کی نئی لہر شروع کر دی گئی ہے۔بیان کے مطابق آپریشن کی 37 ویں لہر میں تین گھنٹے تک عراق کے اربیل، بحرین میں امریکی بحریہ کے ففتھ فلیٹ ہیڈ کوارٹر اور اسرائیل کے تل ابیب میں فوجی مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔ جنوبی تل ابیب میں سیٹلائٹ مواصلاتی مرکز اور مقبوضہ بندرگاہ حیفہ بھی حملوں میں شامل رہے۔حملوں میں خیبر شکن، قدر اور خرم شہر میزائل استعمال ہوئے جن میں متعدد وارہیڈز نصب تھے جبکہ قدر میزائل کے وارہیڈ کا وزن تقریباً ایک ٹن بتایا گیا ہے۔ایران نے بن گوریان ایئرپورٹ پر بھی میزائل حملے کیے، دفاعی نظام ناکام رہا اور کئی میزائل ایئرپورٹ پر گرے جس سے تنصیبات کو نقصان پہنچا، اسرائیلی میڈیا کے مطابق متعدد افراد زخمی ہوئے۔ لبنان سے کیے گئے میزائل حملے میں اسرائیلی فوج کا کمیونیکیشن سسٹم تباہ ہوا اور دو افراد زخمی ہوئے۔علاوہ ازیں بغداد، یو اے ای اور کویت میں امریکی اڈوں کو ڈرونز اور میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا، جبکہ سعودی عرب نے پرنس سلطان ایئر بیس کی جانب آنے والے 6 بیلسٹک میزائل اور کئی ڈرونز فضاء میں تباہ کر دیے۔اسرائیلی وزیر خارجہ گیدیون ساعر کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ صرف اس وقت ختم ہوگی جب اسرائیل اور امریکا مل کر مناسب فیصلہ کریں گے، اسرائیل ایران سے لامحدود جنگ نہیں چاہتا۔
ایران نے امریکی و اسرائیلی اہداف پر میزائل حملے شروع کر دیے، بن گوریان ایئرپورٹ پر حملہ دفاعی نظام ناکام
3 ہفتے قبل