ایران کا امریکا سے براہِ راست مذاکرات کی تردید، امن کوششوں کا خیرمقدم

5 دن قبل
ایران کا امریکا سے براہِ راست مذاکرات کی تردید، امن کوششوں کا خیرمقدم

تہران( مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی وزارت خارجہ نے واضح کیا ہے کہ امریکا کے ساتھ کسی قسم کی براہِ راست بات چیت نہیں ہوئی، تاہم ثالثی کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان پیغامات کا تبادلہ جاری ہے۔ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا کہ خطے کے ممالک کی جانب سے امن کے لیے کی جانے والی کوششیں قابلِ ستائش ہیں، لیکن موجودہ صورتحال کو حقیقت پسندانہ انداز میں دیکھنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران کو پیش کی جانے والی بیشتر تجاویز غیر حقیقی، غیر معقول اور حد سے تجاوز کرنے والی ہیں، جنہیں قبول کرنا ممکن نہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران ہر جگہ اپنے شہریوں کے حقوق کا بھرپور تحفظ کرے گا اور امید ہے کہ متحدہ عرب امارات ایرانی شہریوں کے ساتھ دانشمندی اور دور اندیشی کا مظاہرہ کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ لبنان میں ایران کے سفیر بدستور بیروت میں اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے، جبکہ یوکرین تنازع کو ایران کے خلاف جاری جنگ سے جوڑنا ایک سنگین غلط فہمی ہے۔واضح رہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے اسلام آباد میں مصر، سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے وزرائے خارجہ کا اہم اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں ثالثی کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔