ایران معاہدے کے قریب، مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم ہونے کا امکان ہے:ٹرمپ کا دعویٰ
واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران معاہدے کے انتہائی قریب پہنچ چکا ہے اور آئندہ چند دنوں میں پیش رفت کا امکان ہے۔میڈیا سے گفتگو میں ٹرمپ نے کہا کہ ایران “سب کچھ دینے کے لیے تیار” ہے اور امریکا ایران کے ساتھ معاہدے کے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق معاہدے کے تحت ایران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان ایک ہفتے تک حملے نہ کرنے پر اتفاق ہوا ہے اور اس حوالے سے اسرائیلی وزیرِاعظم سے مثبت گفتگو ہوئی۔ ٹرمپ کے مطابق صورتحال اب استحکام کی طرف جا رہی ہے اور مزید کشیدگی نہیں بڑھنی چاہیے۔امریکی صدر نے کہا کہ اگرچہ امریکا فوجی کارروائی کی صلاحیت رکھتا ہے، تاہم ترجیح سفارتی حل ہے کیونکہ جنگ کی صورت میں خطے میں بڑی تباہی ہو سکتی ہے۔انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بعض علاقائی ممالک نے ان سے رابطہ کر کے کشیدگی کم کرنے اور اسرائیلی قیادت پر دباؤ ڈالنے کی درخواست کی تھی، تاکہ جنگی صورتحال کو مزید بڑھنے سے روکا جا سکے۔ٹرمپ کے مطابق ایران کی جانب سے بھی ایسے اشارے ملے ہیں کہ اگر اسرائیل کارروائیاں روک دے تو تہران بھی جوابی اقدامات محدود کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ممکنہ معاہدے کے بعد آبنائے ہرمز کی بندش ختم ہو سکتی ہے اور خطے میں معاشی دباؤ کم ہونے کا امکان ہے۔