ایران، آذربائیجان کا تعلقات مزید وسعت دینے پر اتفاق
بشکیک( تر کیہ خبر)آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے آذربائیجان کے صدر سے اپنی سابقہ ملاقاتوں اور ٹیلی فونک رابطوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو درپیش مشکل حالات کے دوران صدر الہام علیوف کے مؤقف، حمایت، اظہارِ تعزیت اور آذربائیجان کی جانب سے فراہم کی جانے والی انسانی امداد کو ایرانی حکومت اور عوام نے قدر کی نگاہ سے دیکھا ہے۔مسعود پزشکیان نے ایک مرتبہ پھر آذربائیجان کی حمایت اور امداد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ ان کے مطابق ایران مختلف شعبوں میں آذربائیجان کے ساتھ تعاون اور تعلقات کو وسعت دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ایرانی صدر نے دونوں ممالک کے تعلقات کو برادرانہ اور دوستانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران اپنے تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ اچھے اور خوشگوار تعلقات برقرار رکھنے کا خواہاں ہے۔دوسری جانب صدر الہام علیوف نے کہا کہ مشکل حالات میں آذربائیجان کی جانب سے ایران کی مدد دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی واضح مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ آذربائیجان ایران سے متعلق موجودہ صورتحال کو امن اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی حمایت کرتا ہے۔ملاقات میں دونوں صدور نے مختلف شعبوں میں ایران اور آذربائیجان کے درمیان تعاون کے امکانات اور مستقبل کے تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔