اسلام آباد( ترکیہ خبر) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ آج کے دور میں شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے پیغام کو عام کرنے اور اس پر عمل کرنے کی شدید ضرورت ہے۔انہوں نے علامہ اقبال کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقبال نے امت مسلمہ کو خودی، بیداری اور عمل کا پیغام دیا، جو آج بھی پوری قوم کے لیے مشعل راہ ہے۔وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق علامہ اقبال کا بنیادی تصور امت مسلمہ کا اتحاد تھا، وہ مسلمانوں کو رنگ، نسل اور زبان سے بالاتر ایک وحدت کے طور پر دیکھنا چاہتے تھے۔انہوں نے کہا کہ اقبال کے نزدیک مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں جن کی طاقت ان کے باہمی اتحاد، اخوت اور مشترکہ مقصد میں پوشیدہ ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ علامہ اقبال نے مسلمانوں کو یہ احساس دلایا کہ غلامی کوئی تقدیر نہیں بلکہ کمزوری ہے جسے خودی اور عمل سے بدلا جا سکتا ہے۔ خطبہ الہ آباد میں انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک الگ ریاست کا تصور پیش کیا جو بعد میں حقیقت بن گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اقبال نے نوجوانوں کو شاہین سے تعبیر کر کے بلند پروازی، خودی اور مسلسل جدوجہد کا درس دیا اور نوجوانوں کو قوم کا اصل سرمایہ قرار دیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری محض الفاظ نہیں بلکہ ایک انقلابی پیغام ہے جو امت مسلمہ کو بیدار کرنے کا ذریعہ بنی۔ آج کے دور میں جب مسلمان تفرقے اور انتشار کا شکار ہیں تو اقبال کا پیغام پہلے سے زیادہ اہم ہو گیا ہے۔
اقبال کا پیغام اتحاد اور خودی، آج بھی امت مسلمہ کے لیے مشعل ہے، محسن نقوی
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان