بھارتی وزیراعلیٰ کی پاکستان آمد اور کرتارپور راہداری کھولنے کی خواہش

بھارتی وزیراعلیٰ کی پاکستان آمد اور کرتارپور راہداری کھولنے کی خواہش

اسلام آباد( تر کیہ خبر) بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان نے پاکستان میں ہونے والی عالمی پنجابی کانفرنس میں شرکت کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے بھارتی حکومت کی پالیسیوں پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔بھارتی جریدے ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بھگونت مان نے پنجاب اسمبلی سے خطاب میں کہا کہ جب مودی حکومت انہیں فرانس اور جاپان جانے کی اجازت نہیں دیتی تو پاکستان جانے کی اجازت کیسے دے گی؟رپورٹ کے مطابق پنجاب اسمبلی کے اسپیکر اور ارکان نے بھی وزیراعلیٰ کے ساتھ پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کی۔ بھگونت مان نے ارکان اسمبلی کے ہمراہ کرتارپور اور ننکانہ صاحب میں حاضری کے لیے راہداری کھولنے کا مطالبہ بھی کیا۔دستیاب معلومات کے مطابق پہلگام واقعے کے بعد مئی 2025 سے بھارتی سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد پر پابندی برقرار ہے، جس سے سرحد پار مذہبی مقامات کی زیارت بھی متاثر ہوئی ہے۔دوسری جانب پاکستانی وزارتِ خارجہ پہلے ہی واضح کر چکی ہے کہ کرتارپور راہداری بند ہونے کے باوجود پاکستان بھارتی سکھ یاتریوں کے استقبال کے لیے تیار ہے۔کرتارپور میں گوردوارہ دربار صاحب اور ننکانہ صاحب میں گوردوارہ جنم استھان سکھ برادری کے اہم مذہبی مقامات ہیں۔ راہداری کی بندش اور یاتریوں کی آمد پر پابندی نے مذہبی رسائی اور دونوں ممالک کے عوامی روابط سے متعلق سوالات کو ایک بار پھر نمایاں کر دیا ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.