بھارت سفارتی محاذ پر ناک آؤٹ پاکستان عالمی مرکز بن گیا

18 گھنٹے قبل
بھارت سفارتی محاذ پر ناک آؤٹ پاکستان عالمی مرکز بن گیا

نئی دہلی ( مانیٹرنگ ڈیسک)نئی دہلی سے شائع ہونے والے ایک معروف میگزین نے اعتراف کیا ہے کہ بھارت سفارتی محاذ پر شدید دباؤ کا شکار ہو چکا ہے، جبکہ پاکستان خطے میں اہم ثالث کے طور پر ابھر آیا ہے، جسے بھارت کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔میگزین میں شائع مضمون میں بھارتی صحافی سوشانت سنگھ نے لکھا ہے کہ نریندر مودی کے بجائے پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر عالمی سفارتکاری کے مرکز بن چکے ہیں اور خطے میں طاقت کا توازن تبدیل ہو رہا ہے۔مضمون کے مطابق چین کے ساتھ تعلقات برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کی سفارتی اہمیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جبکہ بھارت اہم مشرق وسطیٰ مذاکرات سے باہر ہوتا جا رہا ہے، جسے مودی حکومت کے لیے ایک بڑی ناکامی قرار دیا گیا ہے۔تحریر میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو تنہا کرنے کی بھارتی کوششیں ناکام ہو چکی ہیں اور عالمی طاقتیں اب اسے نظر انداز نہیں کر سکتیں۔ مزید یہ کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے اور مختلف عالمی طاقتوں کے درمیان رابطے کا ذریعہ بن چکا ہے۔مضمون میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کے بجائے پاکستان پر زیادہ اعتماد کا اظہار کیا، جبکہ بھارتی سفارتکاری محض بیانات تک محدود دکھائی دیتی ہے اور پاکستان عملی اقدامات کے ذریعے اپنا کردار مضبوط بنا رہا ہے۔