غزہ میں بچوں کا کھیل نہیں، جنگ کا کربناک عکس سامنے آ گیا

4 دن قبل
غزہ میں بچوں کا کھیل نہیں، جنگ کا کربناک عکس سامنے آ گیا

غزہ(مانیٹرنگ ڈیسک)غزہ سے سامنے آنے والی ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو نے دنیا بھر میں رنج و غم کی فضا پیدا کر دی ہے، جہاں معصوم بچوں کا کھیل جنگ کے گہرے اثرات کو بے نقاب کرتا دکھائی دیتا ہے۔منظر میں ایک پناہ گزین کیمپ کے بچے اپنی گڑیا کے ساتھ کھیلتے نظر آتے ہیں، تاہم یہ کھیل معمول سے ہٹ کر ہے۔ بچے گڑیا کو اسٹریچر پر رکھ کر اس کا جنازہ نکالنے کی نقل کرتے ہیں، جو علاقے میں جاری حالات کی عکاسی کرتا ہے۔ماہرین نفسیات کے مطابق اس نوعیت کے کھیل اس بات کا واضح اشارہ ہیں کہ بچے مسلسل خوف اور جنگی ماحول کے باعث ذہنی اور جذباتی طور پر بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بچے اپنے اردگرد کے حالات کو کھیل کے ذریعے ظاہر کرتے ہیں، اور یہ منظر ان کے اندر چھپے خوف اور صدمے کی جھلک پیش کرتا ہے۔یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل رہی ہے، جہاں صارفین کی بڑی تعداد گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کر رہی ہے۔ متعدد افراد نے اسے جنگ کے انسانی پہلو کی ایک اذیت ناک تصویر قرار دیا ہے۔ماہرین نے اس امر پر زور دیا ہے کہ ایسے حالات میں بچوں کی ذہنی صحت پر خصوصی توجہ دینا انتہائی ضروری ہے، تاکہ وہ اس صدمے سے نکل کر ایک محفوظ اور بہتر مستقبل کی جانب بڑھ سکیں۔