علی یوف نے نئی بجلی سب اسٹیشن کا افتتاح کر دیا
باکو( تر کیہ خبر) آذربائیجان کے صدر الہام علی یوف نے آذر انرجی او جے ایس سی کے زیرِ انتظام 220/110/10 کلو وولٹ نئی سنگاچال سب اسٹیشن کا افتتاح کر دیا۔آذر انرجی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین بالا بابا رضایوف نے صدر کو منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ یہ منصوبہ جبرائیل ضلع میں قائم 240 میگاواٹ شفق سولر پاور پلانٹ کو آذربائیجان کے قومی بجلی نظام سے منسلک کرنے اور سنگاچال ٹرمینل کو بجلی فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔یہ منصوبہ آذر انرجی اور عالمی توانائی کمپنی بی پی کے درمیان تعاون کے تحت مکمل کیا جا رہا ہے۔ منصوبے کے پہلے مرحلے میں جبرائیل ضلع میں 330 کلو وولٹ سب اسٹیشن قائم کیا گیا تھا، جس کا افتتاح صدر الہام علی یوف نے رواں سال مئی میں کیا تھا۔نئی سنگاچال سب اسٹیشن منصوبے کا دوسرا مرحلہ ہے، جس کے ذریعے جبرائیل میں پیدا ہونے والی قابلِ تجدید شمسی توانائی قومی گرڈ کے ذریعے سنگاچال ٹرمینل تک پہنچائی جائے گی، جس سے وہاں موجود گیس سے چلنے والا بجلی گھر بند کیا جا سکے گا۔منصوبے کے مکمل فعال ہونے کے بعد ٹرمینل کی سالانہ تقریباً 500 ملین کلو واٹ بجلی کی ضرورت قابلِ تجدید توانائی سے پوری کی جائے گی، جس سے ہر سال 120 سے 150 ملین مکعب میٹر قدرتی گیس کی بچت اور 2 لاکھ 60 ہزار سے 3 لاکھ 30 ہزار ٹن تک کاربن اخراج میں کمی متوقع ہے۔نئی سب اسٹیشن 6.5 ہیکٹر رقبے پر قائم کی گئی ہے اور اسے قومی بجلی نظام سے جوڑنے کے لیے چار نئی 220 کلو وولٹ ٹرانسمیشن لائنیں بچھائی گئی ہیں جن کی مجموعی لمبائی 111 کلومیٹر ہے۔سب اسٹیشن کو بجلی تین مختلف ذرائع سے فراہم کی جائے گی، جن میں 785 میگاواٹ کا جنوب پاور پلانٹ، 385 میگاواٹ کا گوبو پاور پلانٹ اور 500 کلو وولٹ ابشیرون سب اسٹیشن شامل ہیں۔