حوثیوں کا سعودی آئل ٹینکرز پر حملے کا دعویٰ
صنعا(مانیٹرنگ ڈیسک) یمن کی حوثی اکثریتی جماعت انصاراللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے سعودی عرب کے دو تیل بردار جہازوں کو نشانہ بنایا ہے۔انصاراللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جن سعودی آئل ٹینکرز کو نشانہ بنایا گیا، انہوں نے گروپ کی جانب سے عائد کی گئی بحری پابندی کی خلاف ورزی کی تھی۔سعودی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق بحیرۂ احمر میں سفر کرنے والے سعودی ملکیتی جہاز کو نشانہ بنایا گیا، جس کے اگلے حصے میں آگ بھڑک اٹھی تاہم جہاز کا عملہ محفوظ رہا۔اس سے قبل برطانوی بحری نگرانی کے ادارے نے اطلاع دی تھی کہ سعودی ساحل الشقیق سے تقریباً 70 بحری میل دور ایک جہاز میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔جہاز کے کپتان کے مطابق میزائل حملے کے نتیجے میں آگ لگی۔ واقعے میں کسی جانی نقصان یا ماحولیاتی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔واضح رہے کہ چند روز قبل یمن کی حوثی تنظیم انصاراللہ نے سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا۔انصاراللہ کے ترجمان نے کہا تھا کہ یہ اقدام یمن پر سعودی عرب کی جانب سے عائد محاصرے کے جواب میں کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صنعا ایئرپورٹ کی بندش ناقابل قبول ہے اور اس کا جواب بھی بندش کے ذریعے دیا جائے گا۔