اسلام آباد( ترکیہ خبر) مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے اور خطے میں امن کی کوششوں کے سلسلے میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوسرا اور انتہائی اہم دور کل بدھ کو اسلام آباد میں منعقد ہونے جا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس منگل کے روز واشنگٹن سے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان کے لیے روانہ ہوں گے۔ امریکی میڈیا کے مطابق یہ مذاکرات خطے میں جاری کشیدگی کم کرنے کے لیے ایک اہم سفارتی موقع تصور کیے جا رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق پاکستان نے ان مذاکرات کی کامیابی کے لیے بھرپور سفارتی کوششیں کی ہیں۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے خطے میں پائیدار امن کے لیے فوری رابطوں اور مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا۔ادھر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں امریکی اور ایرانی سفیروں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور تصدیق کی کہ مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔دونوں سفیروں نے خطے میں کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور اسے مثبت اور تعمیری قرار دیا۔عالمی مبصرین کے مطابق حالیہ سخت بیانات کے باوجود اسلام آباد کو مذاکرات کے لیے منتخب کرنا اس بات کی علامت ہے کہ دونوں فریقین کشیدگی کم کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں۔
اسلام آباد میں تاریخی مذاکرات کا دوسرا دور کل متوقع، عالمی سفارتی توجہ پاکستان پر مرکوز
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان