ترکیہ میں تاریخی تھیٹر میں ’’کارمینا بورانا‘‘ کی شاندار پیشکش
ازمیر( کلچر ڈیسک) ترکیہ کے مغربی صوبے ازمیر میں واقع تاریخی ایفیسس کے قدیم رومن تھیٹر میں نویں بین الاقوامی ایفیسس اوپیرا اینڈ بیلے فیسٹیول کے موقع پر جرمن موسیقار کارل اورف کی شہرۂ آفاق تخلیق "کارمینا بورانا" پیش کی گئی۔منگل کی شام ہونے والی اس کھلے آسمان تلے موسیقی کی تقریب میں تقریباً دو ہزار افراد نے شرکت کی۔ یہ تاریخی مقام ازمیر کے شہر سلجوق کے قریب واقع ہے اور دنیا کے بہترین محفوظ قدیم رومن تھیٹروں میں شمار ہوتا ہے۔ترکیہ کے ریاستی ادارہ برائے اوپیرا و بیلے کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والا یہ بین الاقوامی میلہ 8 جولائی تک جاری رہے گا، جس کے دوران تاریخی ایفیسس تھیٹر میں مختلف اوپیرا اور بیلے کی پیشکشیں کی جائیں گی۔"کارمینا بورانا" جرمن موسیقار کارل اورف نے 1936 میں تخلیق کی تھی۔ یہ ڈرامائی موسیقی پر مبنی شاہکار قرونِ وسطیٰ کی لاطینی اور جرمن نظموں کے مجموعے سے ماخوذ ہے۔یہ تخلیق اپنی طاقتور کورس پرفارمنس، خصوصاً معروف دُھن "او فارچونا" کے باعث دنیا بھر میں بے حد مقبول ہے اور اسے عموماً بڑے آرکسٹرا اور گلوکاروں کے اجتماعی گروپ کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔