آذربائیجان کا ریلوے و شاہراہ منصوبوں پر تیز کام، آرمینیا سرحد تک 2027ء میں تکمیل متوقع
باکو( تر کیہ خبر) آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بائراموف نے کہا ہے کہ ملک اپنے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کر رہا ہے، جبکہ ریلوے اور شاہراہوں کے اہم منصوبے 2027ء کے آغاز تک آرمینیا کی سرحد تک پہنچنے کی توقع ہے۔سوئٹزرلینڈ کے وفاقی وزیر خارجہ ایگنازیو کاسِس کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جیہون بائراموف نے کہا کہ آذربائیجانی ریاست اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں پوری کر رہی ہے اور مواصلاتی منصوبوں پر نمایاں پیش رفت جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ نخجوان خودمختار جمہوریہ میں تقریباً 180 کلومیٹر طویل ریلوے لائن موجود ہے، تاہم گزشتہ تقریباً 30 سال سے غیر فعال رہنے کے باعث اسے بحال کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری اور تعمیر نو کی ضرورت ہے، جس پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔آذربائیجانی وزیر خارجہ نے کہا کہ کارس-اِغدیر-دلوچو ریلوے منصوبہ بھی ایک اہم منصوبہ ہے، جس کی تعمیر ترکیہ کے علاقے میں تیزی سے جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی بروقت تکمیل سے علاقائی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ یہ منصوبہ نہ صرف آذربائیجان کے مرکزی علاقے اور نخجوان کے درمیان رابطوں کی بحالی میں مدد دے گا بلکہ مشرق-مغرب اور درمیانی راہداری (مڈل کوریڈور) کے لیے بھی نئی اہمیت کا باعث بنے گا۔