قدرتی آفات سے بچاؤ کا عالمی دن، پیشگی تیاری اور مؤثر منصوبہ بندی پر زور
کراچی( تر کیہ خبر) دنیا بھر میں آج قدرتی آفات کے خطرات کم کرنے کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد عوام میں احتیاطی تدابیر اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاریوں کا شعور اجاگر کرنا ہے۔اقوام متحدہ کی مقرر کردہ تاریخ کے مطابق 13 اکتوبر کو منائے جانے والے اس دن کے موقع پر زلزلوں، سیلابوں اور موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات سے بچاؤ کے لیے اقدامات کی اہمیت اجاگر کی جاتی ہے۔پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک میں قدرتی آفات ایک سنگین مسئلہ بن چکی ہیں۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث شدید بارشوں، گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے اور تباہ کن سیلابوں کے واقعات میں اضافہ خطرات کو مزید بڑھا رہا ہے۔ماہرین کے مطابق قدرتی آفات کو مکمل طور پر روکنا ممکن نہیں، تاہم مؤثر حکمت عملی، بہتر منصوبہ بندی اور بروقت حفاظتی اقدامات کے ذریعے جانی و مالی نقصان میں نمایاں کمی لائی جاسکتی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ آفات سے نمٹنے کا مؤثر نظام صرف حادثے کے بعد امدادی سرگرمیوں تک محدود نہیں ہونا چاہیے، بلکہ پیشگی تیاری، خطرات کی نشاندہی اور حفاظتی انتظامات کو ترجیح دینا ہی نقصانات کم کرنے کی بنیادی ضمانت ہے۔