ترکیہ خبر

جنوبی لبنان میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے مجسمے کی توہین پر عالمی سطح پر شدید ردعمل

جنوبی لبنان میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے مجسمے کی توہین پر عالمی سطح پر شدید ردعمل

جنوبی لبنان( مانیٹرنگ ڈیسک)جنوبی لبنان میں ایک اسرائیلی فوجی کی جانب سے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے مصلوب مجسمے کو ہتھوڑے سے توڑنے کی وائرل تصویر نے دنیا بھر میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فوج نے پیر کے روز جاری بیان میں اس تصویر کی صداقت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ تصویر جنوبی لبنان میں ایک فوجی آپریشن کے دوران لی گئی۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور نتائج کی روشنی میں ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔اس واقعے پر اسرائیلی پارلیمنٹ کنیسٹ کے فلسطینی رکن ایمن عودہ نے سخت ردعمل دیتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ اب شاید یہ دعویٰ بھی سامنے آئے گا کہ فوجی کو اس مجسمے سے خطرہ محسوس ہوا تھا۔ایک اور فلسطینی رکن احمد طیبی نے کہا کہ جو لوگ مساجد، گرجا گھروں اور مذہبی مقامات کو نشانہ بناتے ہیں اور پھر بھی احتساب سے بچ جاتے ہیں، ان کے لیے ایسی کارروائیاں معمول بنتی جا رہی ہیں۔یہ معاملہ عالمی سطح پر مذہبی جذبات اور خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں مزید بحث کا باعث بن گیا ہے، جبکہ مختلف حلقے اس واقعے کی مذمت اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔