غزہ: ایک ہی خاندان کے 112 شہداء کی اجتماعی تدفین، باقیات 17 روز بعد ملبے سے نکالی گئیں
غزہ( مانیٹرنگ ڈیسک) غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں میں جان کی بازی ہارنے والے ایک ہی خاندان کے 112 افراد کی باقیات اجتماعی طور پر سپردِ خاک کر دی گئیں، جنہیں ملبے سے نکالنے میں 17 روز لگے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق متاثرہ خاندان تین سال قبل ہونے والے اسرائیلی فضائی حملوں میں نشانہ بنا تھا۔ غزہ کی سول ڈیفنس ٹیموں نے زیورات، کپڑوں اور دیگر ذاتی اشیا کی مدد سے جاں بحق افراد کی شناخت مکمل کی۔اجتماعی نمازِ جنازہ اور تدفین صبرہ محلے میں انجام دی گئی، جہاں غم کی فضا چھائی رہی۔ متاثرہ خاندان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ غزہ میں جنگ کے خاتمے اور شہری آبادی کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ میں اب بھی آٹھ ہزار سے زائد لاشیں مختلف مقامات پر ملبے تلے دبی ہوئی ہیں، تاہم محدود وسائل اور دشوار حالات کے باعث امدادی کارروائیاں سست روی سے جاری ہیں۔