کرغزستان میں آذربائیجان کے تعاون سے فائیو اسٹار ہوٹل کا افتتاح
باکو( تر کیہ خبر)کرغزستان کی جھیل ایسک کول کے ساحل پر پانچ ستارہ باکو ریزورٹ اینڈ اسپا ہوٹل کا افتتاح کر دیا گیا۔تقریب میں آذربائیجان کے صدر الہام علییف اور خاتون اول مہربان علییوا، کرغزستان کے صدر صدر ژاپاروف اور خاتون اول آئگول ژاپارووا، ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوف اور خاتون اول زیروت خان مرزیوئیوا، قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایوف، تاجکستان کے صدر امام علی رحمان اور ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف نے شرکت کی۔اس موقع پر آذربائیجان کے صدر کے انتظامی امور کے شعبے کے سربراہ رامین گلو زادہ نے سربراہان مملکت اور خاتون اول کو ہوٹل کی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔ یہ ہوٹل کرغزستان کے علاقے ایسک کول کے گاؤں کارا اوئے میں تعمیر کیا گیا ہے۔باکو ریزورٹ اینڈ اسپا کی تعمیر 2023 میں بشکیک میں آذربائیجان کی حکومت اور کرغزستان کی کابینہ کے درمیان طے پانے والے اس معاہدے کے تحت کی گئی، جس کا مقصد جھیل ایسک کول کے ساحل پر پانچ ستارہ ہوٹل کی تعمیر کے لیے سرمایہ کاری کو فروغ دینا تھا۔