اسلام آباد( ترکیہ خبر) پاکستانی عازمینِ حج کی پہلی پرواز مدینہ منورہ پہنچ گئی جہاں 155 عازمین کا پرتپاک اور باوقار استقبال کیا گیا۔حکام کے مطابق عازمینِ حج کو بہترین سہولیات کی فوری فراہمی کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ان کے قیام و طعام کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔استقبال کے موقع پر ڈائریکٹر جنرل حج جدہ عبدالوہاب سومرو اور ڈائریکٹر مدینہ زاہد سہیل نے عازمین کا خیر مقدم کیا، جبکہ کوآرڈینیٹر مدینہ کاشف حسین اور ڈائریکٹر مکہ عارف اسلم راؤ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ترجمان کے مطابق عازمین پر پھول نچھاور کیے گئے اور انہیں تحائف پیش کیے گئے، جبکہ سعودی ثقافتی خوش آمدیدی نغموں اور دف کی تھاپ نے فضا کو روحانی اور یادگار بنا دیا۔عازمین کو مدینہ پہنچتے ہی مرکزیہ کے علاقے میں معیاری رہائش فراہم کر دی گئی ہے اور ان کے آرام و سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔عبادات اور نقل و حرکت میں آسانی کے لیے عازمین کو نسک کارڈز جاری کر دیے گئے ہیں، جبکہ مہمان نوازی کے تحت مشروبات اور کھجور سے تواضع کی گئی اور اعلیٰ معیار کا ناشتہ بھی پیش کیا گیا۔
پہلی پرواز کے عازمینِ حج مدینہ پہنچ گئے، پرتپاک استقبال اور شاندار سہولیات فراہم
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان