خلیج میں امریکی سفارتخانے کے قریب دھماکے، شہری محتاط

1 ماہ قبل
خلیج میں امریکی سفارتخانے کے قریب دھماکے، شہری محتاط

کویت سٹی / منامہ / دوحہ / ابو ظہبی( مانیٹرنگ ڈیسک) خلیجی ممالک میں کشیدگی کے دوران کویت میں امریکی سفارتخانے کے قریب دھواں اٹھتے دیکھا گیا، جس کے بعد فائر فائٹرز اور ایمبولینسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔خبر رساں اداروں کے مطابق کویت میں امریکی سفارتخانے نے اپنی ویب سائٹ پر شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفارتخانے کے قریب نہ جائیں، گھروں کی نچلی منزل پر رہیں، کھڑکیوں سے دور رہیں اور غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں۔ سفارتخانے نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں میزائل اور ڈرون حملوں کا خطرہ بدستور موجود ہے،اسی دوران بحرین کے دارالحکومت منامہ، قطر کے دارالحکومت دوحہ اور متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنائی گئیں۔ امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق دوحہ اور دبئی میں متعدد زور دار دھماکوں اور جنگی طیاروں کی پروازوں کی آوازیں سنی گئیں۔سفارتی ذرائع نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات پر عمل کریں اور غیر ضروری طور پر کسی بھی کھلے علاقے میں جانے سے گریز کریں۔