یورپی کمیشن کی صدر ارسلا فان ڈیر لائن کا آذربائیجان کے ساتھ تاریخی امن معاہدے پر خیرمقدم
باکو( ترکیہ خبر) یورپی کمیشن کی صدر ارسلا فان ڈیر لائن نے آرمینیا کے ساتھ تاریخی امن معاہدے کے ابتدائی مسودے (رُبریکیشن) پر آذربائیجان کی قیادت کو مبارکباد دی ہے۔باکو میں صدر الہام علییف کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس خطے میں کئی دہائیوں بعد سب سے اہم پیش رفت امن کا قیام ہے، اور وہ اس تاریخی معاہدے کو خوش آئند قرار دیتی ہیں۔ارسلا فان ڈیر لائن نے کہا کہ آذربائیجان کے صدر نے ذاتی قیادت کے ذریعے خطے میں امن اور تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے، جس سے استحکام، اعتماد اور مشترکہ خوشحالی کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ پیش رفت نہ صرف خطے کے ممالک کے لیے اہم ہے بلکہ یورپی یونین بھی اس امن عمل کو خطے میں دیرپا استحکام کی جانب ایک مثبت قدم سمجھتی ہے۔