اسلام آباد( ترکیہ خبر) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی زیر صدارت حج انتظامات کا اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں آئندہ حج کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر ساجد محمود چوہان، ڈائریکٹر جنرل حج عبدالوہاب سومرو اور دیگر اعلیٰ حکام نے بذریعہ ویڈیو رابطہ شرکت کی، جبکہ لاہور سے روڈ ٹو مکہ منصوبے کی پہلی پرواز کے انتظامات کو حتمی شکل دینے پر غور کیا گیا۔وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ عازمین حج کی آمد سے قبل مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں طبی سہولیات کی مکمل فراہمی یقینی بنائی جائے اور پاکستانی حجاج کرام کی بہترین دیکھ بھال کو ہر صورت ممکن بنایا جائے۔انہوں نے متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بہترین انتظامات کے لیے تمام فریقین کے ساتھ قریبی تعاون ناگزیر ہے، جبکہ حاجی کیمپوں میں تربیت، حفاظتی ٹیکوں کی فراہمی، تحائف کی تقسیم اور دیگر سہولیات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔سردار محمد یوسف نے کہا کہ اس سال خدام الحجاج کی تربیت پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، عازمین کو چاہیے کہ وہ نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے ان کی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ حجاج کرام سعودی قوانین کی پابندی کر کے ملک کی نیک نامی میں اضافہ کریں، جبکہ سعودی حکام کے تعاون پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔
عازمین حج کی آمد سے قبل مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں طبی سہولیات کی مکمل فراہمی یقینی بنائی جائے:سردار محمد یوسف
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان