مظفر آباد( ترکیہ خبر) آزاد کشمیر میں انتخابات سے قبل سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ہے، جبکہ الیکشن کمیشن نے تبادلوں اور ترقیاتی اعلانات کا نوٹس لے لیا ہے۔قائد حزب اختلاف شاہ غلام قادر کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے حکومت سے تین روز میں جواب طلب کر لیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ انتخابی شیڈول سے قبل تبادلوں اور ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات قبل از انتخاب دھاندلی کے مترادف ہیں۔الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری اور پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیراعظم کو فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابات کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔