الیکشن کمیشن کا اسلام آباد میں پرانے قانون کے تحت بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم
اسلام آباد( تر کیہ خبر) الیکشن کمیشن نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات ۲۰۱۵ کے قانون کے مطابق کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو انتخابی پروگرام فوری جاری کرنے کی ہدایت کردی۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں ہونے والی سماعت میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں حلقہ بندیوں کا عمل چھ مرتبہ مکمل جبکہ انتخابی پروگرام چار بار جاری کیا جاچکا ہے۔ حکومتی قواعد کی عدم فراہمی اور نئے قانون کی منظوری نہ ہونے کے باعث کمیشن نے موجودہ قانون کے تحت انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا۔چیف الیکشن کمشنر نے حکومتی یقین دہانیوں پر عمل نہ ہونے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے تحت بلدیاتی انتخابات کرانا ضروری ہے۔ کمیشن نے واضح کیا کہ ۲۰۱۵ کے قانون کے تحت انتخابی عمل آگے بڑھایا جائے اور شیڈول اسی روز جاری کیا جائے۔