لیبیا کی پارلیمان نے ترکیہ کے ساتھ سمندری حدود کے معاہدے کی منظوری دے دی
انقرہ/استنبول( تر کیہ خبر) ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان نے لیبیا کی قومی اتحاد حکومت کے سربراہ عبدالحمید دبیبہ اور لیبیائی قومی فوج کے نائب سربراہ صدام حفتر سے الگ الگ ٹیلی فونک رابطے کیے۔ گفتگو میں دونوں ممالک کے درمیان سمندری حدود کے تعین کے معاہدے کی منظوری پر تبادلہ خیال ہوا۔ترک وزارت خارجہ کے مطابق حاقان فیدان نے لیبیا کے ایوانِ نمائندگان کی جانب سے معاہدے کی منظوری پر دونوں رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا۔ لیبیائی پارلیمان نے منگل کو سابقہ مخالفت واپس لیتے ہوئے اس معاہدے کی توثیق کردی۔ترکیہ اور لیبیا نے نومبر ۲۰۱۹ء میں بحیرۂ روم میں اپنے اپنے سمندری دائرۂ اختیار کی حدود متعین کرنے کے لیے یہ معاہدہ طے کیا تھا۔