بحیرۂ اسود میں کارگو جہاز پر ڈرون حملہ، 2 آذری شہری ہلاک
باکو( تر کیہ خبر) بحیرۂ اسود میں 9 ستمبر کو آذربائیجانی شہریوں پر مشتمل عملے والے غیر ملکی مال بردار جہاز ’’ٹیڈی‘‘ کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔آذربائیجان کی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق واقعے میں آذری شہری اسلان علی یف اور عاصم قاسم یوف ہلاک ہوگئے، جبکہ عمران نووزوف اور رؤف علی یف زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو یوکرین کے شہر چورنومورسک کے اسپتال منتقل کردیا گیا۔وزارت خارجہ کے مطابق اس معاملے پر آذربائیجان کے متعلقہ ریاستی اداروں، سفارتی مشنز اور متاثرہ ممالک کے حکام کے ساتھ رابطہ اور رابطہ کاری جاری ہے۔وزارت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ زخمی شہریوں کے طبی معائنے اور علاج کے بعد انہیں وطن واپس لانے کے اقدامات کیے جارہے ہیں، جبکہ ضروری قونصلر معاونت اور جاں بحق افراد کی تدفین سے متعلق انتظامات بھی کیے جارہے ہیں۔