سفارتی نمائندوں کا آذربائیجان کے آزاد علاقوں کا دورہ مکمل
کلبجار( تر کیہ خبر) آذربائیجان میں تعینات سفارتی نمائندوں کا قرہ باغ اور مشرقی زنگیزور کے دو روزہ دورے کا اختتام ہوگیا۔دورے کے دوسرے روز سفارتی وفود نے آغدرہ ضلع کے وانگلی گاؤں کے قریب واقع گنجاسر خانقاہ اور کلبجار ضلع کے وانگ گاؤں میں موجود خوداوانگ خانقاہی کمپلیکس کا معائنہ کیا۔وفود کو دونوں تاریخی مقامات کی تعمیراتی اور تاریخی خصوصیات کے بارے میں بریفنگ دی گئی، جبکہ ان آثار میں کی جانے والی مداخلت، تبدیلیوں اور تاریخی حقائق کو مسخ کرنے کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ بعد ازاں سفارتی نمائندوں نے خانقاہوں کے احاطے اور وہاں موجود تاریخی یادگاروں کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران سفارت کاروں اور دفاعی اتاشیوں کو استسو معدنی پانی بوتلنگ پلانٹ کے کام کے بارے میں بھی معلومات فراہم کی گئیں۔بعد میں سفارتی وفود نے کلبجار شہر میں منعقدہ شہد میلے میں شرکت کی۔یہ آزاد کرائے گئے علاقوں میں سفارتی نمائندوں کا 22واں دورہ تھا۔ ایسے باقاعدہ دوروں سے سفارت کاروں کو قرہ باغ اور مشرقی زنگیزور میں صدر الہام علی یف کی قیادت میں جاری تعمیر نو اور بحالی کے منصوبوں، خطے کی معاشی و سماجی ترقی اور تاریخی و ثقافتی ورثے کے تحفظ کی کوششوں کا براہِ راست مشاہدہ کرنے کا موقع ملتا ہے۔