اسلام آباد( ترکیہ خبر) باجوڑ کے سرحدی علاقے کٹ کوٹ میں افغان طالبان کی جانب سے پاکستانی شہری آبادی پر بلا اشتعال گولہ باری کے نتیجے میں خاتون اور دو بچوں سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق سرحد پار سے گاؤں ملک شاہین کو نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث ایک ہی خاندان کے افراد متاثر ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں شدت پسند عناصر کو پاکستان میں داخل کرنے کی کوششیں بھی کی جا رہی تھیں، تاہم پاک فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دراندازی کی یہ کوشش ناکام بنا دی۔سکیورٹی حکام کے مطابق اس ناکامی کے بعد سرحد پار سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا، جس پر پاک فوج نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والی چوکی کو تباہ کر دیا۔مزید بتایا گیا ہے کہ ملحقہ علاقوں میں موجود دیگر ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں مخالف عناصر کو جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ مقامی آبادی نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور علاقے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے فورسز ہر وقت چوکس اور پرعزم ہیں، جبکہ شہری آبادی کو نشانہ بنانا حملہ آوروں کی بوکھلاہٹ اور منفی ارادوں کا عکاس ہے۔