چین اور آذربائیجان میں دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
باکو( تر کیہ خبر) آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں چینی پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 99ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کا آغاز آذربائیجان اور چین کے قومی ترانوں سے ہوا۔اس موقع پر آذربائیجان میں چین کی سفیر لو می نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 1927 میں قیام کے بعد سے چینی پیپلز لبریشن آرمی ملک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سلامتی اور ترقیاتی مفادات کے تحفظ کی ذمہ داریاں نبھا رہی ہے جبکہ عالمی امن و استحکام کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔چینی سفیر نے کہا کہ چین کی فوج اقوام متحدہ کے امن مشنز، عالمی انسانی امدادی سرگرمیوں اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے اقدامات میں فعال کردار ادا کرتی ہے، جبکہ عالمی سطح پر فوجی روابط اور تعاون کو بھی فروغ دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ چین اور آذربائیجان جامع تزویراتی شراکت دار ہیں اور دونوں ممالک کے صدور کی قیادت میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں، جس سے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔لو می نے کہا کہ دفاعی تعاون دونوں ملکوں کی تزویراتی شراکت داری کا اہم حصہ ہے اور چینی فوج آذربائیجان کی مسلح افواج کے ساتھ روابط اور تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چین، آذربائیجان کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان طے پانے والے اہم معاہدوں پر عملدرآمد، بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے کام کرے گا تاکہ علاقائی اور عالمی سطح پر امن و ترقی کو آگے بڑھایا جا سکے۔