چین کی فوجی جدیدکاری تیز کرنے کا اعلان، عالمی معیار کی افواج تشکیل دینے کا عزم
بیجنگ( مانیٹرنگ ڈیسک) چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین اپنی مسلح افواج کی عالمی معیار کے مطابق ترقی کو مزید تیز کرے گا اور مقررہ مدت کے اندر قومی دفاع اور فوج کی جدیدکاری کا عمل مکمل کیا جائے گا۔عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی صدر نے چینی کمیونسٹ پارٹی کے 105ویں یومِ تاسیس کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کو عالمی معیار کی مسلح افواج کی تیاری کے عمل کو تیز کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ فوج کے قیام کو 100 سال مکمل ہونے کے اہداف بروقت حاصل کرنا ضروری ہیں تاکہ قومی خودمختاری، سلامتی اور ترقیاتی مفادات کا بھرپور تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔شی جن پنگ نے زور دیا کہ ایک مضبوط ملک کے لیے مضبوط فوج ناگزیر ہے، اور طاقتور مسلح افواج کے بغیر قومی سلامتی کو یقینی نہیں بنایا جا سکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ چین اپنی فوجی ترقی کے منفرد ماڈل پر ثابت قدمی سے عمل جاری رکھے گا، اور فوج کے سیاسی، تکنیکی، افرادی اور قانونی پہلوؤں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔چینی صدر کے مطابق چین عالمی امن اور ترقی کے فروغ میں بھی زیادہ مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے، تاہم اس کے ساتھ ساتھ اپنی دفاعی صلاحیتوں کو جدید خطوط پر استوار کرنا اس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔