ترکیہ خبر

جنگ بندی میں توسیع، وزیراعظم کا صدر ٹرمپ سے اظہار تشکر

جنگ بندی میں توسیع، وزیراعظم کا صدر ٹرمپ سے اظہار تشکر

اسلام آباد( ترکیہ خبر)وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع کی درخواست قبول کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اظہار تشکر کیا ہے۔سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ صدر ٹرمپ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے پاکستان کی درخواست پر جنگ بندی میں توسیع کی منظوری دی۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ فریقین تنازع کے مستقل خاتمے کے لیے اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے دوسرے دور میں جامع امن معاہدے تک پہنچنے میں کامیاب ہوں گے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان تنازعات کے پرامن اور مذاکراتی حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور توقع ہے کہ دونوں فریق جنگ بندی کی پاسداری جاری رکھیں گے۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اپنے بیان میں کہا تھا کہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت کی درخواست پر ایران پر حملے روک دیے گئے ہیں اور جنگ بندی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک مذاکراتی عمل جاری ہے۔