آذربائیجانی صحافیوں کا سمرقند کے تاریخی ریگستان چوک کا دورہ
سمرقند( تر کیہ خبر) ازبکستان کے دورے پر موجود آذربائیجانی میڈیا نمائندوں نے وسطی ایشیا کے معروف تاریخی و تعمیراتی ورثے ریگستان چوک کا دورہ کیا۔صحافیوں کو ریگستان چوک کی تاریخ، ثقافتی و علمی اہمیت اور یہاں قائم تین تاریخی مدارس، الغ بیگ، شیردور اور تلاکاری، کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ بتایا گیا کہ ریگستان کا مطلب ازبک زبان میں ’’ریتلی جگہ‘‘ ہے اور یہ صدیوں تک سمرقند کی عوامی و تجارتی سرگرمیوں کا مرکز رہا۔دورانِ دورہ چوک کی بحالی کی تاریخ بھی بیان کی گئی۔ زلزلوں اور دیگر قدرتی عوامل سے تاریخی عمارتوں کو پہنچنے والے نقصانات کے بعد بڑے پیمانے پر بحالی کے اقدامات کیے گئے، جن کے ذریعے اس کے فنِ تعمیر اور ثقافتی ورثے کو محفوظ بنایا گیا۔واضح رہے کہ سمرقند اور اس کے تاریخی آثار کو 2001 میں یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔ ریگستان چوک آج بھی ازبکستان کے مقبول ترین سیاحتی مقامات میں شمار ہوتا ہے اور سمرقند کی شاندار تاریخی میراث کی علامت سمجھا جاتا ہے۔