آذربائیجان کے وفد کی نیدرلینڈز پارلیمنٹ کی قیادت سے ملاقات
ویانا( ترکیہ خیر) آذربائیجان کے پارلیمانی وفد نے نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں منعقدہ یورپ میں سلامتی و تعاون کی تنظیم کی پارلیمانی اسمبلی کے 33ویں سالانہ اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے امن، علاقائی تعاون اور بین الاقوامی قانون سے متعلق اپنے مؤقف سے آگاہ کیا۔آذربائیجان کی قومی اسمبلی کے ارکان گایا محمدوف، سیونج فتح علیئیوا، آزائے گولیئیف اور تورال گنجالیئیف پر مشتمل وفد نے 4 سے 8 جولائی تک جاری رہنے والے اجلاس میں شرکت کی۔ وفد میں یورپ میں سلامتی و تعاون کی تنظیم کے لیے آذربائیجان کے مستقل مندوب روشن صادق بیلی اور نیدرلینڈز میں آذربائیجان کے سفیر محمد احمد زادہ بھی شامل تھے۔بین الاقوامی قانون اور مشترکہ اصول: او ایس سی ای خطے میں سلامتی اور تعاون کی بنیاد کے عنوان سے منعقدہ اجلاس میں علاقائی و عالمی سلامتی، بدلتی جغرافیائی سیاسی صورتحال اور بین الاقوامی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ اجلاس کے اختتام پر مختلف موضوعات پر حتمی دستاویزات بھی منظور کی گئیں۔آذربائیجانی وفد نے یورپ اور دیگر خطوں میں امن و تعاون کے فروغ، بین الاقوامی قانون کی پاسداری، ٹرانسپورٹ راہداریوں کی ترقی، توانائی کے تحفظ، ڈیجیٹل طرز حکمرانی اور مصنوعی ذہانت کے استعمال کے حوالے سے اپنے ملک کے تجربات اور مؤقف پیش کیے۔وفد نے اس موقع پر آذربائیجان میں عالمی شہری فورم کے 13ویں اجلاس کی میزبانی کا بھی ذکر کیا۔اجلاس کے موقع پر آذربائیجان کی تجویز پر ترک ریاستوں کی پارلیمانی اسمبلی کے وفود کا مشترکہ اجلاس بھی منعقد ہوا۔علاوہ ازیں آذربائیجان کے وفد نے نیدرلینڈز کی پارلیمنٹ کی قیادت اور متعدد ارکان کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کیں، جن میں باہمی تعاون اور پارلیمانی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔