پراگ میں آذربائیجانی نوجوان فنکاروں کی نمائش "سورج کی جانب" کا افتتاح
پراگ( کلچر ڈیسک) جمہوریہ چیک کے دارالحکومت پراگ میں آذربائیجان کے نوجوان فنکاروں کے فن پاروں پر مشتمل عالمی نمائش "سورج کی جانب" کا افتتاح کر دیا گیا۔یہ نمائش وسطی پراگ میں واقع دلیافروز آرٹ گیلری میں منعقد کی گئی، جس کی میزبانی معروف آذربائیجانی فنکارہ دلیافروز نے کی، جبکہ مجسمہ ساز روزا حسنوا نے اس کی نگرانی کی۔منتظمین کے مطابق نمائش کا عنوان "سورج کی جانب" روشنی، حرارت اور تخلیقی جستجو کی علامت ہے۔ نمائش میں آذربائیجان کی قدرتی خوبصورتی اور ثقافتی ورثے سے متاثرہ فن پارے پیش کیے گئے ہیں، جن میں سورج کی روشنی سے جڑے رنگ نمایاں موضوع کے طور پر شامل ہیں۔نمائش میں 30 آذربائیجانی فنکاروں کے پینٹنگز، گرافک آرٹ، مجسمہ سازی، سیرامکس، بیٹک، ٹیپسٹری اور روایتی قالین بافی کے فن پارے رکھے گئے ہیں۔افتتاحی تقریب سے چیک اور آذربائیجان رائٹرز یونین کی رکن لیلیٰ بیگم نے خطاب کیا، جبکہ ایوارڈ یافتہ وائلن نواز جینل نجفلی نے موسیقی کا خصوصی پروگرام پیش کیا۔تقریب کے اختتام پر شریک فنکاروں میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔