معروف آذربائیجانی شاعر ناریمان حسن زادہ انتقال کر گئے
باکو( کلچر ڈیسک) آذربائیجان کے جدید دور کے معروف شاعر، عوامی شاعر، ڈرامہ نگار اور سماجی شخصیت ناریمان حسن زادہ 95 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ناریمان حسن زادہ 18 فروری 1931 کو آذربائیجان کے ضلع گازاخ کے علاقے پویلو میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1949 سے 1953 تک موجودہ گنجہ اسٹیٹ یونیورسٹی کے شعبہ لسانیات میں تعلیم حاصل کی، جبکہ 1961 میں ماسکو کے ایم گورکی ادبی ادارے سے گریجویشن کیا۔ انہوں نے وہاں اعلیٰ ادبی تربیتی کورسز میں بھی شرکت کی۔ناریمان حسن زادہ نے کم عمری میں ادبی سفر کا آغاز کیا اور 1960ء اور 1970ء کی دہائی میں شائع ہونے والی اپنی کتابوں کے ذریعے ادبی حلقوں میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ان کی مشہور تصانیف میں "میرا دل شاعری چاہتا ہے"، "ناقابل فراموش دن"، "تم مجھے یاد کرو گے"، "ناریمان"، "تم نے کیوں نہیں کہا"، "زمرد پرندہ"، "خالہ نبات کی روٹی"، "میری رات اور دن" اور "تم نے معاف کر دیا" شامل ہیں۔ان کی تخلیقات کا انگریزی، فرانسیسی، جرمن، فارسی، اطالوی، چیک، ہندی، عربی، کروشین، روسی اور دیگر زبانوں میں ترجمہ کیا جا چکا ہے۔