ترکیہ کی دفاعی کمپنی اسیل سان کی آمدنی میں 25 فیصد اضافہ، نئے معاہدوں کا ریکارڈ
استنبول( تر کیہ خبر) ترکیہ کی معروف دفاعی کمپنی اسیل سان نے رواں سال کے پہلے چھ ماہ میں آمدنی میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا ہے، جس کی بنیادی وجہ نئے معاہدے، پیداواری صلاحیت میں توسیع اور تحقیقاتی سرگرمیاں ہیں۔کمپنی کے مطابق جنوری سے جون کے دوران اسیل سان کی آمدنی 25 فیصد حقیقی اضافے کے ساتھ 88.5 ارب ترک لیرہ، یعنی تقریباً ایک ارب 80 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی۔اس عرصے میں کمپنی نے 4.9 ارب ڈالر مالیت کے نئے معاہدوں پر دستخط کیے، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 72 فیصد زیادہ ہیں۔اسیل سان کے مجموعی زیرِ تکمیل آرڈرز کی مالیت 45 فیصد اضافے کے بعد 23.2 ارب ڈالر تک پہنچ گئی، جو دفاعی مصنوعات کے لیے مقامی اور عالمی سطح پر بڑھتی طلب کو ظاہر کرتی ہے۔کمپنی نے پیداواری صلاحیت اور توسیعی منصوبوں میں سرمایہ کاری 195 فیصد بڑھا کر 323 ملین ڈالر کر دی، جبکہ تحقیق و ترقی (آر اینڈ ڈی) کے شعبے میں سرمایہ کاری 41 فیصد اضافے کے ساتھ 804 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔ اس تحقیق میں کوانٹم کمپیوٹنگ اور زیرِ آب نظام جیسی جدید ٹیکنالوجیز شامل ہیں۔مالی رپورٹ کے مطابق کمپنی کا آپریشنل منافع (ای بی آئی ٹی ڈی اے) مارجن 1.2 فیصد اضافے کے بعد 26.3 فیصد رہا، جبکہ مجموعی آپریشنل منافع 488 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔اسیل سان نے بتایا کہ پہلے چھ ماہ میں آپریشنل نقدی کا بہاؤ 319.7 ملین ڈالر رہا، جبکہ کمپنی کا ایکویٹی تناسب 56 فیصد برقرار رہا، جو شعبے کی اوسط شرح سے بہتر ہے۔کمپنی نے بتایا کہ حال ہی میں قائم کیے گئے 17 ہزار 360 مربع میٹر رقبے پر مشتمل نئے پیداواری اور آزمائشی مراکز کو اسمارٹ گولہ بارود اور دفاعی نظام کی تیاری کے لیے استعمال کیا جائے گا۔اس کے علاوہ اسیل سان نے مصنوعات کی تیاری کے معیار اور ترسیل کی رفتار بہتر بنانے کے لیے 19 روبوٹک خودکار پیداواری لائنیں بھی فعال کر دی ہیں۔