ترکش ایئرلائنز نے نئے ریکارڈ قائم کر دیے، ایک دن میں 3 لاکھ 52 ہزار سے زائد مسافروں کا سفر
استنبول( تر کیہ خبر) ترکش ایئرلائنز نے اگست کے پہلے ہفتے کے اختتام پر مسافروں اور پروازوں کی تعداد میں نئے یومیہ ریکارڈ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔کمپنی کے مطابق ہفتے کے روز ترکش ایئرلائنز نے 2 لاکھ 48 ہزار 922 مسافروں کو سفر کی سہولت فراہم کی، جو ایئرلائن کی تاریخ میں ایک دن میں سب سے زیادہ مسافروں کا نیا ریکارڈ ہے۔اتوار کے روز یہ تعداد مزید بڑھ گئی، جب ترکش ایئرلائنز گروپ نے مجموعی طور پر 3 لاکھ 52 ہزار 715 مسافروں کو سفر کرایا۔ ان میں 2 لاکھ 48 ہزار 318 مسافر ترکش ایئرلائنز جبکہ ایک لاکھ 4 ہزار 397 مسافر کم لاگت فضائی کمپنی اے جیٹ کے ذریعے سفر کرنے والے تھے۔کمپنی کے مطابق اتوار کو ترکش ایئرلائنز اور اے جیٹ نے مجموعی طور پر ایک ہزار 970 مسافر پروازیں چلائیں، جبکہ کارگو پروازوں کو شامل کرنے کے بعد روزانہ پروازوں کی تعداد 2 ہزار 34 کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی۔ترکش ایئرلائنز نے کہا ہے کہ وہ اگست کے دوران مزید ریکارڈ قائم کرنے کی توقع رکھتی ہے تاکہ عالمی ہوا بازی میں ترکیہ کی پوزیشن کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے پہلے چھ ماہ میں ترکش ایئرلائنز نے 4 کروڑ 45 لاکھ مسافروں کو سفری سہولت فراہم کی، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 5.5 فیصد زیادہ ہے۔ اس دوران جہازوں کی گنجائش استعمال کرنے کی شرح بھی بڑھ کر 83.7 فیصد ہو گئی۔جنوری سے جون تک بین الاقوامی مسافروں کی تعداد 6.6 فیصد اضافے کے ساتھ 2 کروڑ 94 لاکھ جبکہ اندرون ملک مسافروں کی تعداد 3.6 فیصد اضافے کے ساتھ ایک کروڑ 51 لاکھ رہی۔ کارگو اور ڈاک کی ترسیل بھی 13.3 فیصد بڑھ کر تقریباً 11 لاکھ 60 ہزار ٹن تک پہنچ گئی۔ترکش ایئرلائنز نے 2025 میں مجموعی طور پر 9 کروڑ 26 لاکھ مسافروں کو سفر کرایا، جبکہ اس کے بیڑے میں 563 طیارے شامل ہیں، جن میں 28 کارگو طیارے بھی شامل ہیں۔ ایئرلائن کا فضائی نیٹ ورک 133 ممالک کے 358 مقامات تک پھیلا ہوا ہے، جن میں 53 اندرون ملک اور 305 بین الاقوامی روٹس شامل ہیں۔