ترک انٹیلی جنس سربراہ اور حماس وفد کی ملاقات، غزہ امن منصوبے کے دوسرے مرحلے پر بات چیت
انقرہ / استنبول( تر کیہ خبر) ترکیہ کے قومی انٹیلی جنس ادارے کے سربراہ ابراہیم قالن نے استنبول میں حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ خلیل الحیہ اور ان کے وفد سے ملاقات کی، جس میں غزہ امن منصوبے کے دوسرے مرحلے پر پیش رفت کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترک ذرائع کے مطابق ملاقات میں امن منصوبے کے دوسرے مرحلے میں منتقلی کے لیے تیار کردہ لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا، جبکہ شرکا نے اس تجویز پر حماس کے مثبت ردعمل کو اہم قرار دیا۔ملاقات میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ اسرائیل نے اس لائحہ عمل پر ردعمل دینے کے بجائے غزہ میں اپنی فوجی کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔ شرکا نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی کارروائیوں کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔گفتگو کے دوران غزہ میں جاری جنگ کے ساتھ مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں فلسطینیوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں، غیر قانونی اسرائیلی آبادکاری اور تشدد میں اضافے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں غزہ کی بگڑتی انسانی صورتحال بھی زیر بحث آئی، جبکہ ترکیہ نے سیاسی کوششوں اور انسانی امداد میں بہتری کے اقدامات کے ذریعے غزہ کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔