کروشیا کے دارالحکومت زغرب میں آذربائیجان کے یومِ فتح کی پروقار تقریب

کروشیا کے دارالحکومت زغرب میں آذربائیجان کے یومِ فتح کی پروقار تقریب

زغرب( تر کیہ خبر) آذربائیجان کے سفارت خانے کے زیر اہتمام کروشیا کے دارالحکومت زغرب میں 8 نومبر یومِ فتح کی مناسبت سے خصوصی استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی، جس میں کروشین حکام، ارکان پارلیمنٹ، سفارت کاروں، عالمی اداروں کے نمائندوں، صحافیوں اور علمی و ثقافتی شخصیات نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز آذربائیجان اور کروشیا کے قومی ترانوں سے ہوا، جبکہ شرکا کو جنگِ وطن سے متعلق دستاویزی فلمیں بھی دکھائی گئیں۔ مہمانوں کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا۔اس موقع پر کروشیا میں آذربائیجان کے سفیر انار ایمانوف نے آرمینیا کی جانب سے کئی برس تک جاری رہنے والی قبضے اور نسلی تطہیر کی پالیسی کے انسانی اثرات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ صدر الہام علییف کی قیادت میں آذربائیجانی فوج نے 44 روزہ جنگ میں تاریخی کامیابی حاصل کرکے ملک کی علاقائی سالمیت کی بحالی میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق 8 نومبر قومی وقار اور اتحاد کی علامت بن چکا ہے۔سفیر نے مزید بتایا کہ ستمبر 2023ء میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے بعد ملک کی علاقائی خودمختاری مکمل طور پر بحال ہوگئی۔ انہوں نے جنگ کے بعد خطے میں پائیدار امن اور سلامتی کے قیام کے لیے آذربائیجان کی کوششوں کا بھی ذکر کیا۔انار ایمانوف کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی میں 8 اگست 2025ء کو واشنگٹن میں آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان امن معاہدے کے ابتدائی مسودے پر دستخط اس عمل میں اہم پیشرفت تھی۔ انہوں نے علاقائی مواصلاتی راستے کھولنے، اقتصادی و تجارتی روابط بحال کرنے اور امن عمل کو عملی شکل دینے کے لیے آذربائیجان کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.