آذربائیجان، ازبکستان تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
باکو( تر کیہ خبر)آذربائیجان کی ملی مجلس کی رکن گونائی آفندی یوا نے آستانہ کے دورے کے دوران قازقستان میں ازبکستان کے سفیر بختیار ابراہیموف سے ملاقات کی۔ملاقات میں آذربائیجان اور ازبکستان کے باہمی تعاون اور ترک دنیا میں جاری انضمامی عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گونائی آفندی یوا نے کہا کہ آذربائیجان کے صدر الہام علی یوف اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف کے درمیان برادرانہ تعلقات اور دونوں رہنماؤں کے باہمی دورے دونوں ممالک کے درمیان جامع تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔انہوں نے 23 اگست 2026 کو آذربائیجان کے صدر کے ازبکستان کے سرکاری دورے کو دونوں ممالک کے تزویراتی تعلقات مزید مستحکم کرنے کے لیے اہم قرار دیا۔گونائی آفندی یوا نے دونوں سربراہان کی جانب سے ’’آذربائیجان اور ازبکستان کے درمیان دائمی دوستی کے معاہدے‘‘ پر دستخط کو بھی نمایاں پیش رفت قرار دیا۔ ان کے مطابق یہ معاہدہ دونوں ممالک کے تاریخی روابط اور صدیوں پرانی دوستی کی جدید دور میں ایک اہم علامت ہے۔ازبک سفیر بختیار ابراہیموف نے آذربائیجان اور ازبکستان کے تعلقات کو مسلسل وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ تاریخی اور ثقافتی جڑوں کی بنیاد پر دونوں ممالک کے باہمی تعلقات تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔سفیر کے مطابق مختلف شعبوں میں ہونے والے متعدد معاہدے دونوں ممالک کے درمیان اتحادی تعاون کے مسلسل فروغ کی عکاسی کرتے ہیں۔