آذربائیجان، یوکرین کا اسٹریٹجک تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق
باکو( تر کیہ خبر) یوکرین کے سرکاری دورے پر موجود آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بائراموف نے یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی سے ملاقات کی۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کی موجودہ صورتحال اور اسے مزید آگے بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیاسی روابط، توانائی، نقل و حمل، انسانی ہمدردی کے شعبوں میں تعاون اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور بھی زیر بحث آئے۔دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ سطح کے سیاسی روابط اور باہمی دوروں نے دونوں ممالک کے تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ آذربائیجان اور یوکرین 2027ء میں سفارتی تعلقات کے قیام کی 35ویں سالگرہ منائیں گے۔صدر زیلنسکی نے اپریل میں آذربائیجان کے دورے کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر طے پانے والے معاہدوں نے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی سطح تک پہنچانے میں مدد دی۔ملاقات میں یوکرین کی صورتحال، علاقائی سلامتی اور عالمی سطح پر ہونے والی تازہ پیش رفت بھی زیر غور آئی۔ وزیر خارجہ جیہون بائراموف نے عالمی سطح پر تسلیم شدہ سرحدوں کے اندر یوکرین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے آذربائیجان کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔صدر زیلنسکی نے یوکرین کے لیے انسانی امداد فراہم کرنے پر صدر الہام علییف اور حکومت آذربائیجان کا شکریہ ادا کیا۔دونوں جانب سے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔