آذربائیجان اور ترکمانستان کا اقتصادی تعاون کے فروغ پر اتفاق
باکو( ترکیہ خبر) آذربائیجان کے وزیرِ اقتصادیات میکائل جباروف کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ترکمانستان کا سرکاری دورہ کیا، جہاں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آذربائیجان کی وزارتِ اقتصادیات کے مطابق دورے کے دوران ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف نے آذربائیجانی وفد سے ملاقات کی۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوستی، برادرانہ تعلقات اور باہمی احترام پر مبنی روابط کو مزید مستحکم بنانے، کاروباری شراکت داری کو وسعت دینے، مشترکہ منصوبوں کے فروغ اور علاقائی اقتصادی و تجارتی تعاون میں اضافے پر گفتگو ہوئی۔اس موقع پر ترکمان عوام کے قومی رہنما اور ترکمانستان کی عوامی کونسل کے چیئرمین قربان قلی بردی محمدوف نے بھی وزیرِ اقتصادیات میکائل جباروف سے ملاقات کی۔فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے سربراہان کی سیاسی عزم کے باعث آذربائیجان اور ترکمانستان کے تعلقات تیزی سے فروغ پا رہے ہیں۔ملاقات میں گزشتہ ماہ ترکمانستان کے صدر کے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ آذربائیجان کے سرکاری دورے اور دونوں ممالک کے سربراہان کی موجودگی میں طے پانے والے معاہدوں کو دوطرفہ تعاون کے نئے مرحلے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔دونوں جانب سے اقتصادی تعاون کی ترجیحی شعبوں، باہمی روابط کو متنوع بنانے کے لیے جاری بڑے منصوبوں اور نئی سرمایہ کاری و شراکت داری کے مواقع پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔