ترکیہ خبر

آذربائیجان، ترکیہ اور جارجیا کے وزرائے خارجہ کی سہ فریقی ملاقات، علاقائی تعاون پر زور

آذربائیجان، ترکیہ اور جارجیا کے وزرائے خارجہ کی سہ فریقی ملاقات، علاقائی تعاون پر زور

استنبول( ترکیہ خبر) ترکیہ کے شہر استنبول میں آذربائیجان، جارجیا اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کی دسویں سہ فریقی ملاقات منعقد ہوئی۔اس اجلاس میں آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بایراموف، جارجیا کی وزیر خارجہ مکا بوچوریشویلی اور ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان نے شرکت کی۔آذربائیجان کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اجلاس میں خطے میں بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی کشیدگی، عالمی سپلائی چین کے مسائل اور معاشی غیر یقینی صورتحال کے تناظر میں قریبی سیاسی رابطے اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا۔مقررین نے کہا کہ یہ سہ فریقی تعاون علاقائی امن، استحکام اور ترقی کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کی حیثیت رکھتا ہے۔اجلاس میں اس بات پر بھی روشنی ڈالی گئی کہ باکوتفلیس سیہان تیل پائپ لائن، باکوتفلیس ارزروم گیس منصوبہ، جنوبی گیس راہداری اور باکوتفلیس قارس ریلوے جیسے بڑے منصوبے اس شراکت داری کی کامیابی کی واضح مثال ہیں۔مذاکرات میں توانائی کے شعبے میں تعاون کو بنیادی ستون قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ آذربائیجان اس وقت متعدد ممالک کو قدرتی گیس فراہم کر رہا ہے، جبکہ جارجیا کے ساتھ گیس معاہدے کی توسیع اور توانائی کمپنیوں کے درمیان نئے معاہدے خطے کی توانائی سلامتی کو مزید مضبوط بنائیں گے۔